ضرورت حفظ قرآن کی عجیب دلیل
ایک اور دلیل حفظ قرآن کے ضروری ہونے کی بیان کرتا ہوں اور یہ دلیل اس وقت کے مذاق کے اعتبار سے بہت عجیب دلیل ہے اس کے لئے اول دومقد مے سنئے، پہلا مقدمہ یہ ہے کہ جتنی ارضی و سماوی کتابیں ہیں ان میں کوئی کتاب بھی ایسی نہیں ہے کہ وہ یاد ہوکر یاد رہ سکے اور اگر کسی نے یاد بھی کر لیا تو بہت بڑے حافظے کی ضروت ہے اور قرآن شریف بہت جلد یا د ہو جا تا ہے، اور بہت تھوڑی عمر میں لڑکے اس کو حفظ کر لیتے ہیں ، چنانچہ میرے ایک دوست نے تین ماہ سے بھی کم میں قرآن شریف حفظ کر لیا تھا ، ایک مقدمہ تو یہ ہوا اور دوسرا مقدمہ یہ ہے کہ اس زمانے میں عقلاء اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ نیچر ہر زمانے میں اس چیز کو پیدا کرتا ہے جس کی ضرورت ہوتی ہے، میں اس کو شرعی اصطلاح میں کہتا ہوں کہ خدا تعالی ہر زمانے میں اس چیز کو پیدا کرتا ہے جس کی ضرورت ہوتی ہے اوران دونوں مقدموں کے بعد کہتا ہوں کہ کیا وجہ ہے کہ خدا تعالی نے یہ مادہ طبیعت میں ودیعت کیا ہے کہ قرآن شریف بہت جلد یا ہو جاۓ ، معلوم ہوا کہ فطرۃ اس کے حفظ کی ضرورت ہے تو صاحبو! اپنے نیچر ( فطرت ) کی مخالفت نہ کرو_ _________________________ کتاب : حقوق القران مع احکام تجوید صاحب کتاب : حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ تعالیٰ صفحہ نمبر : ٦٨ ناقل : مولانا انس میمن پالنپوری (اقبال گڑھی)