​​سیرت النبی ﷺ کے لیے مفید کتب کے نام

حضوراکرم ﷺ کی سیرتِ  مبارکہ پر عربی زبان میں مندرجہ ذیل کتب سے استفادہ کیا جاسکتا ہے: 1:السیرة النبویة:  دو جلدوں میں چار حصوں پر مشتمل  عبدالملک بن ہشام الحمیری (المتوفی:833 ھ) کی ہے، جو ابن اسحاقؒ کی المغازی والسیر کی ترتیب سے لکھی گئی ہے۔  2:الشفاء بتعریف حقوق المصطفى: ایک جلد پر مشتمل  ابوالفضل قاضی عیاض مالکیؒ (المتوفی:544 ھ) کی ایسی بےنظیر کتاب ہے جو بے تحاشا فوائد کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ   مختلف بیماریوں سے شفا  کے  لیے بھی مجرب  ہے۔ 3: المواهب اللدنیة  بالمنح المحمدیة:چار جلدوں پر مشتمل احمد بن محمد شہاب الدین القسطلانیؒ (المتوفی:932 ھ) کی سیرت نبوی سے متعلق وافر معلومات کا خزانہ ہے۔ 4: زاد المعاد في هدي خیرالعباد: چھ جلدوں پر مشتمل محمد بن ابی بکر المعروف بابن قیم الجوزیۃ  (المتوفی:751 ھ) کی سیرت کے موضوع پر مشہور کتاب ہے، کتب سیرت میں زادالمعاد کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس کتاب میں صرف حالات اور واقعات کو بیان کرنے پر اکتفا نہیں کیا گیا ہے،  بلکہ یہ بات بھی واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہےکہ آپ ﷺ  کے فلان قول وعمل سے کون سا حکم مستنبط ہے ۔ سیرت نبوی پر مشتمل  اردو زبان میں مندرجہ ذیل کتب مفید  ہیں: 1: سیرت المصطفے، تین جلدوں پر مشتمل مولانا محمد ادریس کاندھلوی رحمہ اللہ (المتوفی:1974 ء) کی ہے۔ 2: نشر الطیب فی ذکرالحبیب: ایک جلد پر مشتمل مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ (المتوفی:1943 ء) کی ایک معتبر اور مستند کتاب ہے جسے "العطور المجموعہ"  بھی کہا جاتا ہے۔ 3:النبی الخاتم: ایک جلد پر مشتمل مولانا سید مناظر احسن گیلانی  رحمہ اللہ (المتوفی:1956 ء)   کی سیرت نبوی پر والہانہ انداز میں لکھی گئی کتاب ہے۔ 4: "رحمۃ للعالمین" قاضی سلیمان منصورپوری رحمہ اللہ  (پیدائش: 1867ء– وفات: 30 مئی 1930ء) کی تین جلدوں پر مشتمل کتاب ہے، جس کی تعریف و توصیف مولانا علی میاں رحمہ اللہ نے بھی کی ہے۔   فقط واللہ اعلم  جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن ___________📝📝___________ منقول۔ انتخاب : اسلامک ٹیوب پرو ایپ ۔ ___________📝📝___________

ارے بھائی!

اگر آپ ہزاروں کتابیں، نعتیں، تصاویر، ویڈیوز، اخبار، مضامین، قبلہ نما، اوقات نماز، اسلامک گھڑی اور بہت کچھ آسانی کے ساتھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بس ہمارے Islamic Tube ایپ کو پلے سٹور سے انسٹال کرو، اور بالکل مفت اور آسانی کے ساتھ اسلامک مواد حاصل کرو

ڈاؤن لوڈ کریں
Image 1

ہم سب دنیا سے کوچ کرنے والے ہیں

ہم سب دنیا سے کوچ کرنے والے ہیں

رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے: "میرا دنیا سے کیا تعلق؟ میری دنیا کی مثال تو ایسی ہی ہے کہ جیسے کوئی سوار کسی درخت کے سائے میں ( دم لینے کے لیے) ٹھہر جائے، پھر اسے چھوڑ کر چلا جائے ـ " حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اپنے ساتھیوں کو وصیت فرمائی: (دنیا سے) گزر جاؤ ، اسے آباد کرنے میں نہ لگو ـ ایک آدمی حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کے پاس گیا ـ ان کے گھر میں اِدھر اُدھر نظر دوڑانے لگا ( سامان نام کی کوئی چیز نظر نہ آئی) تو پوچھا، آپ کا سامان کہاں ہے؟ آپ نے فرمایا: ہمارا ایک دوسرا گھر ( جنت) ہے، ہماری توجہ اسی طرف ہے ـ اس نے کہا، جب تک آپ یہاں ہیں ( کچھ نہ کچھ) سامان ضروری ہے ـ آپ نے فرمایا : گھر کا مالک ہمیں رہنے ہی نہیں دے گا ـ حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒ نے اپنے خطبے میں فرمایا: دُنیا تمہارا ٹھکانا نہیں ہے ـ اللہ تعالٰی نے اس کے لیے فنا لکھ دی ہے ـ اور دنیا کے لوگوں کے لیے سفر لکھ دیا ہے، کتنے ہی آباد گھر جلد ہی ویران ہوں گے اور کتنے ہی مکانوں میں رہنے والے جن پر رشک کیا جاتا ہے، بہت جلد کوچ کرجانے والے ہیں ـ اس لیے اچھی طرح کوچ کی تیاری کرو اور بہترین توشئہ سفر تقویٰ ہے اسی کو ساتھ لو ـ حضرت عطاء سلمیؒ دعا فرمایا کرتے تھے: اے میرے پروردگار! دنیا میں میری اجنبیت پر رحم فرما، قبر میں میری وحشت پہ رحم فرمانا اور کل جب تیرے سامنے پیشی ہوگی اس موقع پر رحم فرماناـ حضرت داؤد طائی ؒ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عطوان ؒ بن عمرو تیمی سے پوچھا : (زندگی کے تعلق سے) کم سے کم اُمید کیا ہے؟ آپ نے فرمایا : بس جتنی دیر ایک سانس چلتی ہے ـ حضرت فضیل بن عیاض ؒ سے جب یہ ذکر کیا گیا تو وہ رو پڑے اور کہا کہ حضرت عطوان ؒ موت سے بہت چوکنّا رہتے تھے اس لیے فرمایا، سانس چلنے تک یعنی وہ ڈرتے تھے کہ وہ سانس پوری ہونے سے پہلے ہی نہ مرجائیں ـ حضرت حبیب ؒ ابو محمد روزانہ وصیت کردیا کرتے تھے ( جیسے موت کے وقت کی جاتی ہے) کہ کون غسل دے گا وغیرہ وغیرہ اور صبح شام رویا کرتے تھے، ان کی بیوی سے رونے کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالٰی سے ڈرتے ہیں کہ شام ہوئی ہے شاید صبح نہ ہو اور صبح ہوگئی ہے تو شاید شام نہ ہو ـ حضرت حسن ؒ کا قول ہے: ابن آدم! تمہیں دو سواریاں سفر کرا رہی ہیں، رات،دن کے حوالے کرتی ہے اور دن رات کے، یہاں تک کہ دونوں ایک دن تمہیں آخرت کے حوالے کردیں گے ـ تم سے زیادہ خطرے میں کون ہے؟ امام اوزاعیؒ نے اپنے ایک بھائی کو لکھا: سمجھ لو کہ تمہیں ہر طرف سے گھرا جا چکا ہے، اور شب و روز برابر گھسیٹ کرلے جایا جارہا ہے، اللہ تعالٰی اور اس کا سامنا کرنے سے ڈرو ـ ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ کتاب : وقت کا بہترین استعمال (صفحہ نمبر ۱۶۲-۱۶۳ ) مصنف : محمد بشیر جمعہ انتخاب: اسلامک ٹیوب پرو ایپ