السلام علیکم اسلامی تاریخ قسط نمبر 2 زمین و آسمان کی پیدائش اللہ تعالٰی نے پوری کائنات اور اس کی تمام چیزوں کو بےمثال پیدا کیا ہے ۔ قرآن مجید میں زمین و آسمان کی پیدائش کا تذکرہ کئی جگہ آیا ہے اور بعض جگہ صراحت کے ساتھ مذکور ہے کہ کس کو کتنے دنوں میں پیدا کیا ہے ۔ ان تمام آیتوں کو سامنے رکھنے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ پہلے زمین کا مادّہ تیار کیا گیا اور وہ ابھی اسی حالت میں تھا کہ آسمان کے مادّے کو دھویں کی شکل میں بنایا گیا ، پھر زمین کو موجودہ شکل و صورت پر پھیلایا گیا اور ساتھ ہی اس کی تمام چیزیں پیدا کی گئیں ، اس کے بعد ساتوں آسمانوں کو بنایا گیا ۔ اس طرح زمین و آسمان اور ان کے درمیان کی چیزیں وجود میں آئیں ۔ یہ سارا کام کل چھ دن میں مکمل ہو گیا ۔ خود اللہ تعالٰی قرآن مجید میں فرماتا ہے: " ہم نے ہی زمین و آسمان اور ان کے درمیان کی چیزوں کو چھ دن میں پیدا کیا ہے ، اور ہمیں ان کی پیدائش میں تھکن کا کوئی احساس نہ ہوا ۔" ( سورۂ ق : 38 )