السلام علیکم اسلامی تاریخ قسط نمبر 4 جنّات کی پیدائش قرآن و حدیث میں جنوں کا تذکرہ کثرت سے آیا ہے ، انسانوں سے پہلے ہی ان کی پیدائش ہوئی چکی تھی ، اللہ تعالٰی نے ان کو آگ سے پیدا فرمایا ، ایک طویل زمانے تک وہ زمین میں آباد رہے ، پھر انہوں نے فساد مچانا اور خون بہانا شروع کیا ، تو اللہ تعالٰی نے فرشتوں کے ذریعے انہیں سمندر کے جزیروں اور دور دراز پہاڑوں کی طرف بھگا دیا ۔ ابلیس بھی جنّات میں سے تھا لیکن کثرت عبادت کی وجہ سے فرشتوں کا سردار بنا دیا گیا تھا ۔ لیکن جب اللہ تعالٰی نے حضرت آدم علیہ السلام کے سامنے سجدہ کرنے کا حکم دیا ، تو اس نے تکبّر کیا ، اور سجدہ کرنے سے انکار کر دیا ۔ چنانچہ اللہ تعالٰی نے دھتکار کر اس کو دنیا میں بھیج دیا اور اس سے تمام نعمتیں چھین لیں ۔اس طرح تکبّر نے اسے ہمیشہ کے لیے ذلیل و رسوا کر دیا ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم اس دنیا میں انسان و جنّات دونوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے بھیجے گئے تھے ، چنانچہ احادیث میں جِنوں کو اسلام کی دعوت دینے کا ذکر موجود ہے اور قرآن مجید میں جنّات کی ایک جماعت کے ایمان لانے کا بھی تذکرہ موجود ہے ۔