امام مالک رحمہ اللہ اور عظمتِ رسول .... !! تاریخ میں ہے کہ ایک بار حضرت امام مالک رحمہ اللہ سے ان کے زمانے کا بادشاہ امیر المؤمنین ابو جعفر المنصور نے مسجدِ نبوی میں کسی سلسلے میں بحث کی اور اس کی آواز بلند ہو گئی ، تو امام مالک رحمہ اللہ نے فرما یا کہ اے امیر المؤمنین ! اس مسجد میں آواز بلند نہ کریں ۔ اللہ نے صحابہ کی ایک جماعت کو یہ ادب سکھایا : { لَا تَرْفَعُوْا أَصْوَاتَکُمْ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِيِّ } ترجمہ ( اپنی آواز کو نبی کی آواز پر بلند نہ کرو ) اور ایک جماعت کی تعریف اس طرح کی : { اِنَّ الَّذِیْنَ یَغُضُّوْنَ أَصْوَاتَھُمْ عِنْدَ رَسُوْلِ اللّٰہِ } ترجمہ ( جو لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اپنی آواز کو پست کر لیتے ہیں ) اور پھر فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت ، وفات کے بعد بھی اسی طرح ہے جیسے زندگی میں ہو تی ہے ۔ ( ترتیب المدارک للقاضی عیاض : ۱ ؍ ۶۸ ، خلاصۃ الوفاء للسمھودي : ۱ ؍ ۵۱ )



