ملفوظ: بھولا ہونا کمال نہیں *ملفوظاتِ حکیم الامت مجدد الملت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی رحمۃ اللہ علیہ* *بھولا ہونا کمال نہیں* ارشاد فرمایا کہ خوب سمجھ لو کہ بزرگوں میں زیادہ کامل وہ ہے جس کی حالت نبی ﷺ کے زیادہ مشابہ ہو۔ سو کوئی نبی بھولا نہیں ہوا، جتنے نبی ہوئے ہیں سب نہایت ہوشیار اور بیدار مغز تھے۔ پس زیادہ کامل وہی ہوگا جو نہایت ہوشیار ہو، بھولا ہونا کوئی کمال نہیں، بھولا آدمی بھی سمجھے گا کسی کے مکر کو؟ جب انسان ہی کے مکر کو نہ سمجھے گا تو شیطان کے مکر کو کیا خاک سمجھے گا کیونکہ شیطان کا مکر تو انسان کے مکر سے زیادہ سخت ہے۔ یوں وظیفہ پڑھنا اور بات ہے، باقی تربیت جس کا نام ہے یہ بھولے شخص سے نہیں ہو سکتی۔ تربیت اور اصلاح دوسروں کی وہی کرسکتا ہے جو نہایت ہوشیار اور بیدار مغز ہو، لہٰذا بیعت بھی انتخاب کر کے ایسے ہی شخص سے کرنی چاہیے۔ (۳۱۳ اشرفی جواہرات، صفحہ ۲۲)