بابا صدیقی قتل کیس میں 11ویں گرفتاری، ممبئی پولیس نے امیت کمار کو ہریانہ سے کیا گرفتار ۔
ممبئی: این سی پی کے رہنما بابا صدیقی قتل کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اس معاملے میں اب تک 11 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ تاہم، مرکزی شوٹر شیو کمار گوتم اور قتل کی سازش میں شامل دو دیگر افراد ابھی تک مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ ممبئی پولیس نے بدھ کو ہرِیانہ کے ضلع کیتھل کے ناتھوان پٹی کے رہائشی 29 سالہ امیت کمار کو گرفتار کیا۔ اس سے قبل اتوار کو ایک اسکریپ ڈیلر بھگوت سنگھ اوم سنگھ کو نوی ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا، جو راجستھان کے اودے پور کا رہائشی ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ان افراد کو ہتھیار فراہم کیے تھے جنہوں نے 12 اکتوبر کو بابا صدیقی کو قتل کیا تھا۔ بابا صدیقی کو تین حملہ آوروں نے ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر گولی مار کر قتل کیا تھا۔ پولیس نے اب تک دو شوٹرز، گرمیت بلجیت سنگھ اور دھرم راج راجیش کشیپ ، کو گرفتار کر لیا ہے۔ تاہم، مرکزی شوٹر شیو کمار گوتم اور سازش میں شامل دو دیگر ملزمان ابھی تک پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ پولیس کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔