https://islamictube.in/new_site/public/images/news_images/6330_2024-11-11_islamictube.jpg

اسرائیل کے شمالی لبنان اور غزہ پر حملے، بچوں سمیت 53 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

شمالی لبنان اور غزہ میں اسرائیلی حملوں میں متعدد بچوں سمیت درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت بیروت کے شمال میں المت کے علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں سات بچوں سمیت کم از کم 23 افراد جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب شمالی غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بتایا کہ وہاں دو گھروں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 افراد کی جانیں گئیں۔ اتوار کی صبح جبالیہ میں پہلے حملے میں 13 بچوں سمیت 25 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے، جب کہ مزید پانچ افراد غزہ کے صابرہ علاقے میں ہونے والے حملے میں ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے بیان دیا کہ لبنان میں نشانہ بنائے جانے والے مقامات پر حزب اللہ نے ہتھیار ذخیرہ کیے ہوئے تھے جنہیں مبینہ طور پر اسرائیل پر حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ آئی ڈی ایف نے شہری نقصان کو کم کرنے کے لیے فضائی نگرانی اور انٹیلی جنس کا بھی استعمال کیا۔ لبنانی وزارت صحت نے کہا کہ المت میں امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ اس دوران اسرائیلی افواج حزب اللہ کے خلاف اپنی کارروائیوں میں شدت لا رہی ہیں، خاص طور پر جنوبی لبنان میں، جہاں سرحد پار راکٹ فائر کرنے کے متعدد مراکز موجود ہیں۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں لبنان کے تقریباً تمام بڑے شہروں اور قصبوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔