کاس گنج میں مٹی کھودنے کے دوران حادثہ، ٹیلہ دھنسنے سے 4 خواتین کی موت، کئی زخمی
اتر پردیش کے کاس گنج ضلع میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مذہبی پروگرام کے لیے مٹی لینے آئی خواتین کو ایک بڑا سانحہ پیش آیا۔ جب خواتین مٹی کے ٹیلے سے کھدائی کر رہی تھیں، تو اچانک ٹیلہ دھنس گیا، جس کی زد میں آ کر چار خواتین کی جانیں چلی گئیں، جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق، کاس گنج میں ایک ست سنگ پروگرام چل رہا تھا، جس کے لیے تقریباً ایک درجن خواتین مٹی لینے کے لیے ٹیلے پر گئیں تھیں۔ جب خواتین نے مٹی کی کھدائی شروع کی، تو اچانک ٹیلہ دھنس گیا اور اس کے ملبے میں کئی خواتین پھنس گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس نے فوراً بلڈوزر کو طلب کیا اور اس کے ذریعے کھدائی کر کے ملبے میں پھنسے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا۔ ملبے میں پھنس کر 4 خواتین کی موت ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے نکالی گئی خواتین میں سے چار کی موت ہو گئی۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے چار کی موت کی تصدیق کی۔ اس حادثے میں پانچ خواتین شدید زخمی ہوئیں، جن میں سے دو کی حالت نازک تھی، انہیں علاج کے لیے علی گڑھ کے ہائر سینٹر ریفر کر دیا گیا۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس سانحہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔