
دلہا بارات لے کر پہنچا... مگر دلہن کا گھر ہی غائب! موگا میں شادی کا عجیب و غریب ’ٹھگی کاند‘
موگا: تصور کیجیے، دلہا سجا دھجا، بارات کی رونق، بینڈ باجے کی دھوم، رشتہ دار جھومتے گاتے دلہن کے گھر پہنچتے ہیں... اور وہاں جا کر پتہ چلتا ہے کہ نہ دلہن ہے، نہ گھر، اور نہ ہی کوئی گلی میں چہل پہل! پنجاب کے موگا ضلع میں ایسا ہی ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے میں ہنگامہ برپا کر دیا۔ بھابھی کی ’ممیری بہن‘ نے بنایا جال امرتسر سے آئی اس باراتی ٹولی کا کہنا ہے کہ رشتہ دلہے کی بھابھی نے اپنی ممیری بہن سے طے کیا تھا۔ مہینوں فون پر باتیں ہوئیں، ویڈیو کالز چلیں، دلہن نے موگا کی گلی نمبر 5 کا پتہ دیا، اور شادی کی تاریخ پکی ہو گئی۔ صبح 11 بجے کے قریب بارات گلی نمبر 5 پہنچی، لیکن وہاں تو بس سناٹا اور تالوں سے بند دروازے! بارات کی گلیوں میں ’دلہن کی تلاش‘ نہ سجاوٹ، نہ استقبال، نہ ہی کوئی مہمان! باراتیوں نے ادھر ادھر پوچھ گچھ کی، مقامی لوگوں سے رابطہ کیا، دلہن کی تصویر دکھائی، لیکن سب بے سود۔ دلہن اور اس کے ’خاندان‘ کا فون سوئچ آف ہو چکا تھا۔ دوپہر سے شام تک بارات موگا کی گلیوں میں دلہن کی تلاش میں بھٹکتی رہی، اور آخر کار تھک ہار کر تھانے جا پہنچی، جہاں شکایت درج کرائی گئی۔ دسمبر 2024 کا ایک اور ’دلہن غائب‘ واقعہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں! دسمبر 2024 میں دبئی سے ایک خاندان بارات لے کر آیا تھا۔ دلہن نے شادی کی تیاری کے نام پر پیسے بھی منگوائے، لیکن عین وقت پر فون بند اور پتہ غلط! اس کیس میں بھی ایف آئی آر تو درج ہوئی، مگر کوئی گرفتاری نہ ہو سکی۔ شادی کے نام پر سائبر ٹھگی کا نیا روپ؟ پولیس اب اس کیس کو سوشل میڈیا فراڈ اور سائبر کرائم کے زاویے سے دیکھ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کچھ منظم گروہ شادی کے نام پر لوگوں کی جذبات سے کھیل کر پیسے اور عزت دونوں لوٹ رہے ہیں۔ دلہن کی تصاویر، کال ریکارڈنگز، اور مبینہ آدھار تفصیلات کی چھان بین جاری ہے۔ دلچسپ موڑ یہ واقعہ موگا کے لیے ایک معمہ بن گیا ہے۔ باراتیوں کے چہروں پر مایوسی اور مقامی لوگوں کے درمیان چہ میگوئیاں جاری ہیں۔ ایک بزرگ نے ہنستے ہوئے کہا، ’دلہا تو سج دھج کر آیا، لیکن دلہن تو خوابوں کی شہزادی نکلی!‘ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اس ’گمشدہ دلہن‘ کا سراغ لگا پاتی ہے یا یہ کہانی موگا کی گلیوں میں ایک دلچسپ قصہ بن کر رہ جاتی ہے!