شیخ الاسلام حضرت مفتی محمدتقی عثمانی مدظلہ کی اہل علم کو نصیحت میں نے گھاٹ گھاٹ کا پانی پیا ہے اور ملک ملک پھرا ہوں ہر ملک اور ہر طبقہ کی اردو عربی ' فارسی اور انگلش کی کتابیں میں نے پڑھی ہیں ۔ اصلاح نفس اور اصلاح ظاہر و باطن سے متعلق حضرت تھانوی رحمہ اللہ کے مواعظ سے بڑھ کر میں نے کوئی کتاب نہیں دیکھی ۔ اپنی حد سے زیادہ مصروفیات کے باوجود میں ہر روز سونے سے پہلے ان کا تقریبا پانچ منٹ ضرور مطالعہ کرتا ہوں ۔ بعض اوقات دل ان میں ایسا لگتا ہے کہ مختصر سا دورانیہ آدھے گھنٹے تک بھی چلا جا تا ہے ۔ حضرت کا کوئی نہ کوئی وعظ ہمیشہ میرے سرہانے رکھا رہتا ہے ۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ میں انکی افادیت تمہارے دل و دماغ میں کس طرح اتاروں ؟ بس ! میں آپ سے دست بستہ درخواست کرتا ہوں کہ آپ میں سے ہر طالب علم حضرت رحمہ اللہ کے مواعظ و خطبات کو اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کر لے ممکن ہے کہ ابتدا میں آپ کا دل ان میں نہ لگے لیکن آپ جوں جوں آگے بڑھتے جائیں گے ان شاء اللہ دل ان میں کھینچتا چلا جائے گا اور ایک ہی مجلس میں آپ انہیں ختم کرنا چاہیں گے ۔ ( لطائف اشرفیہ )