https://islamictube.in/new_site/public/images/news_images/5230_2024-11-21_islamictube.webp

اسرائیلی وزیراعظم اور سابق وزیر دفاع کے خلاف جنگی جرائم کے وارنٹ جاری

عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ غزہ میں 8 اکتوبر 2023 سے 20 مئی 2024 کے دوران انسانیت کے خلاف مظالم اور جنگی جرائم کے الزامات کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ ان دونوں اسرائیلی رہنماؤں پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر غزہ کی شہری آبادی کو بنیادی ضروریات جیسے خوراک، پانی، ادویات، ایندھن اور بجلی سے محروم کیا، جو شہریوں کی بقا کے لیے ضروری ہیں۔ عالمی فوجداری عدالت نے حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ محمد ضیف کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جن پر غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری اور فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ ان افراد کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کے پیچھے "مناسب بنیادیں" موجود ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، جن میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور شدید غذائی قلت کا سامنا ہے، جبکہ صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ اسرائیل نے عالمی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ اس کی قانونی حدود سے باہر ہے۔